اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومتی اور عوامی تحریک کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا ہے۔
ملاقات کے بعد رحیق عباسی نے کہا کہ عوامی تحریک کا اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ نظام کو جمہوریت نہیں سمجھتے ہم نے انتخابات کو مسترد کیا تھا۔
رحیق عباسی نے کہا کہ حکومتی ٹیم نے ہمارے مطالبات حکومت تک پہنچانے کا کہا ہے اور ہم حکومت کی طرف سےجواب کا انتظار کریں گے۔ مزید کہا کہ ہم نے ماڈل ٹاؤن واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جب تک نوازشریف وزیر اعظم ہیں ، تحقیقات کا امکان نظرنہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال نظرنہیں آیا کہ حکومت سنجیدگی سے معاملے کو حل کرنا چاہتی ہے۔ اس موقع پر حکومتی رکن احسن اقبال نے کہا کہ انصاف کا مطالبہ کرنا عوامی تحریک کا حق ہے۔ لاہور کے واقعے پر ہمیں بھی افسوس ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے تحفظات سےعوامی تحریک کوآگاہ کیا ہے اور مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھنا چاہیے۔