سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کا امکان، بجٹ جون میں پیش کیا جائیگا

Budget

Budget

اسلام آباد (جیوڈیسک) آئندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم سینتیس کھرب روپے سے زیادہ ہونے کی توقع ہے جبکہ مالیاتی خسارہ پندرہ کھرب پچاس ارب روپے تک پہنچ جانے کا امکان ہے، پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل کہتے ہیں بجٹ دو ہزار چودہ پندرہ جون کے دوسرے ہفتے تک پیش کر دیا جائے گا۔

پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں وزارت خزانہ اور ماتحت محکمے دن رات مصروف ہیں۔ بجٹ دو ہزار چودہ، پندرہ جون کے دوسرے ہفتے تک پیش کر دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا مجموعی حجم سینتیس کھرب روپے سے تجاوز کر جانے کا امکان ہے۔ بجلی کے شعبے سمیت مجموعی سبسڈی ساڑھے تین سو ارب روپے رکھی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے تقریبا تین سو ارب ، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پینشن کیلئے ایک سو ساٹھ ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں دس فیصد تک اضافہ متوقع ہے جبکہ فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت پانچ سو بیس ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔آئندہ مالی سال مالیاتی خسارہ 15 کھرب پچاس ارب روپے تک پہنچنے کا اور آئندہ سال قرضوں اور سود کی ادائیگی کیلئے بارہ کھرب ستتر ارب روپے جبکہ دفاعی اخراجات کی مد میں سات سو ارب روپے سے زیادہ مختص کئے جا سکتے ہیں۔