اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے سب کو پتہ ہے کہ حکومت کو کون اور کس طرح لایا ہے۔
گوجرانوالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اور سابقہ حکومت میں کوئی فرق نہیں ہے، حکومت کی پالیسی کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو ووٹ دینے والے اور اسے سپورٹ کرنے والے پریشان ہیں، حکومت کو برسراقتدار لانے میں کردار ادا کرنے والے بھی پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں نا سنجیدگی آئی اور نا ہی وزراء سنجیدہ ہیں، آج حکومت خود اپنے شہر میں محصور ہو گئی ہے جہاں دھرنے کی صورت میں بہت بڑا مجمع موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا مذاکرات بھی ہو رہے ہیں اور وزراء کے بیان ماحول کو مزید خراب بھی کر رہے ہیں، حکومت نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے، دوسری طرف وزراء طعنے دے رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دھرنا دینا، احتجاج کرنا اور ریلی نکالنا ہر جماعت کا حق ہے، دھرنے میں لوگ آئے ہیں، اس کا مطلب ہے حکومت ناکام ہو چکی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ یہ حکومت منتخب نہیں ہے بلکہ اسے لایا گیا ہے، سب کو پتہ ہے حکومت کون لایا ہے اور کس طرح لایا ہے۔
دھرنے میں بیرونی قوتوں کے ملوث ہونے سے متعلق سوال پر سراج الحق نے کہا کہ یہ الزام لگانا غلط ہے کہ دھرنے کے پیچھے بیرونی طاقتیں ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے کردار کے حوالے سے سراج الحق نے کہا کہ آپ دو پارٹیوں میں صلح نہیں کر سکتے، ایران اور سعودیہ میں کیا صلح کریں گے۔