ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) پاور کرکٹ کلب کی بیس سالہ تقریبات اولڈ کرکٹرز کا نمائشی، شیراز الیون نے عبداللہ الیون کو سات وکٹوں سے شکست دیکر یاد گاری ٹرافی حاصل کر لی،کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے، ایسے ایونٹس کی بھرپور سر پرستی کریں گے۔
حکومت کھیلوں کے فروغ میں نمائیاں کردار ادا کر رہی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے یوتھ فیسٹیول کا انعقاد اسکی ایک کڑی ہے چیئرمین یونین کونسل ٹھٹو حاجی علی اصغر اعوان کا تقریب سے خطاب، منتظمین میچ کو چالیس ہزار روپے بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا،تفصیلات کے مطابق پاور کرکٹ کلب کے زیر اہتمام اقبال سٹیڈیم واہ کینٹ میںواہ کینٹ کے اولڈ کرکٹرز کے مابین نمائشی میچ کرایا گیا،پندرہ اورز پر مشتمل میچ میں عبداللہ الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز بنائے جبکہ شیراز الیون کے کھلاڑیوں نے مطلوبہ ٹارگٹ گیارہ اورز میں مکمل کرلیا جبکہ شیراز الیون نے یہ نمائشی میچ سات وکٹوں سے جیت لیا،اولڈ کرکٹرز کا نمائشی میچ دیکھنے کے لئے گراونڈ میں شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی،تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین یونین کونسل لب ٹھٹو حاجی علی اصغر اعوان تھے۔
تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے علی اصغر اعوان کا کہنا تھا کہ وہ یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ہمارے لیجنڈ قوم کا سرمایہ ہیں ان کے تجربات سے نوجوانوں کو استفادہ کرنا چاہئے ،اور انھیں بھی چاہئے کہ وہ آنے والی نئی نسل کو اپنے بہترین تجربات سے مستفید کریں تاکہ یہ لوگ آگے جاکر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
انکا کہنا تھا کہ گراونڈز کی کمی کے باعث کھیلوں کے شائقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ہم ایسا میکنزم بنائیں گے جس میں ان نوجوانوں کو گراونڈز میسر آئیں جہاں وہ اپنی صحت مندانہ سرگرمیاں جاری رکھ سکیں،مہمان خصوصی نے رنر اپ اور ونر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں دیں ،جبکہ منتظمین میچ کے لئے چالیس ہزار روپے عطیہ کا اعلان کیا۔
اولڈ کرکٹرز پر مشتمل کرکٹ کے نمائشی میچ میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ممتاز علی اعوان انجام دے رہے تھے،سٹی ہسپتال واہ کینٹ کی جانب سے میچ میں کھلاڑیوں کو میڈیکل کی سہولت مہیا کی گئی تھی، ندیم اقبال چیف ایگزیکٹیو زک پوائنٹ میچ کے مین سپانسر تھے۔