اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے، حکومتی اقدامات کی کامیابی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، معاشی خودمختاری کے بغیر ملکی استحکام ممکن نہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں قومی معیشت پر سیمینار منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی کامیابی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، اب ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے۔ وقت آ گیا ہے سب ایک قوم بن کر سوچیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک کو مشکل معاشی حالات کاسامنا ہے، معاشی خودمختاری کے بغیر آزادی کا کوئی تصور نہیں۔ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے مذاکرے اور سیمینار انتہائی اہم ہیں۔ تمام تر مشکلات کے باوجود موجودہ معاشی حالات سے نکلنے کیلئے پر امید ہیں۔
سیمینار سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے معاشی امور ڈاکٹر سلمان شاہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔