اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت پانی وبجلی نے سرچارج عائد کر کے بجلی 60 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی۔ سر چارج عائد کرکے حکومت نے نومبر کی فیول ایڈجسٹ منٹ پر ملنے والا ریلیف کم کردیا ہے۔ ترجمان وزارت پانی وبجلی کے مطابق سرچاج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نیپرا نے گزشتہ ہفتے نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے بجلی 2 روپے 97 پیسے فی یونٹ سستی کی تھی مگر 60 پیسے فی یونٹ کا سرچارج لگنے کے بعد اب صارفین کو جنوری کے بلوں میں 2روپے 37 پیسے کا ہی ریلیف مل سکے گا۔
سرچارج سے حاصل ہونے والے 5ارب روپے نجی بجلی گھروں کو ادائیگیوں پر خرچ ہو گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت کا یہ فیصلہ آئی ایم ایف کے دباؤ کا نتیجہ ہے۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہو گا۔