اسلام آباد (جیوڈیسک) طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کہتے ہیں حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات اہم موڑ پر پہنچ گئے۔ طالبان جنگ بندی پر ذیلی تنظیموں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔
طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر محمد ابراہیم نے بتایا کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات اہم موڑ میں داخل ہو گئے۔ طالبان کی طرف سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات کی خواہش کا مثبت جواب ملا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی پر طالبان نے تمام ذیلی تنظیموں سے مشاورت شروع کر دی ہے معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد فائر بندی کیلئے مولانا سمیع الحق اور طالبان قیادت میں بھی رابطہ ہوا ہے۔
فریقین حوصلے سے کام لیں قوم کو جلد دہشت گردی سے چھٹکارا ملے گا۔ پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ کراچی اور پشاور کے واقعات پر حکومت اور طالبان کی مذاکراتی ٹیموں کو بھی تشویش ہے۔
اس سے پہلے طالبان کمیٹی کے کوار ڈنیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ طالبان سے قیدیوں کی رہائی پر کوئی بات نہیں ہوئی۔