اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس آج طلب کرلیا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ حکومتی کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند کا کہنا ہے کہ آج کا اجلاس کافی اہم ہے جس میں قیدیوں کی رہائی سمیت اہم معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب طالبان کمیٹی کے رکن پرو فیسر ابراہیم نے کہا ہےکہ آج ہونے والے مذاکرات کا ایجنڈا امن کا ہر صورت قیام ہے۔ واضح رہے کہ حکومتی اوعر طالبان کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس گزشتہ ہفتے ہونا تھا تاہم سرکاری تحویل میں موجود طالبان قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر تعطل کی وجہ سے مذاکراتی عمل میں رکاوٹ پیدا ہوگئی تھی۔