اسلام آ باد (جیوڈیسک) حکومت نے کالعدم تحریک طالبان سے اب براہ راست مذاکرات کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں وزیر داخلہ کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران حکومتی کمیٹی کے رکن میجر عامر کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد حکومتی کمیٹی کے کام ختم ہوچکا ہے لہذا اب حکومت کو چاہئے کہ طالبان سے براہ راست مذاکرات کرے۔ وزیر اعظم نے میجر عامر کی تجاویز منظور کرتے ہوئے مذاکرات کے لئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو فوکل پرسن مقرر کردیا۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم میں وزیر اعلی اور گورنر خیبرپختونخوا یا ان کے نمائندے شامل ہوں گے اور دوسری جانب فوج کی نمائندگی آئی ایس آئی کا سینئر افسر کرے گا جب کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا آج اکوڑہ خٹک کا آخری دورہ ہوگا جس میں وہ طالبان کی نامزد کردہ کمیٹی سے ملاقات کرے گی۔ حکومتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عرفان صدیقی کا کہناہے کہ آج ہم اکوڑہ خٹک جارہے ہیں جہاں طالبان کمیٹی سےامن مذاکراتی عمل کی بحالی کے امور پر بات ہوگی اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کا موقف بھی سنیں گے۔ عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ میجر عامر کی کمیٹی سے علیحدہ ہونے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔