ٹل (جیوڈیسک) حکومتی کمیٹی اور طالبان شوری کے درمیان براہ راست مذاکرات خفیہ مقام پر جاری ہیں جس میں قیدیوں کے تبادلے اور فائر بندی کے معاملے پر بات چیت ہوگی۔
کمیٹی کے اراکین پشاور ائیر پورٹ سے شمالی وزیرستان کے علاقے ٹل پہنچے جہاں سے وہ بلن خیل چلے گئے۔آج ہونےوالے براہ راست مذاکرات میں دونوں طرف سے پیش کئے ، مطالبات پر بات چیت ہو گی۔
حکومتی کمیٹی میں حبیب اللہ خٹک ، ارباب عارف ، فواد حسن فواد اور رستم شاہ مہمند شامل ہیں۔طالبان شوریٰ کی نمائندگی قاری شکیل ، اعظم طارق ، مولوی ذاکر اور مولوی بشیر کریں گے۔
معاونت کیلئے طالبان مذاکراتی کمیٹی کے اراکین میں مولانا سمیع الحق ، پروفیسرابراہیم اور مولانا یوسف شاہ بھی موجود ہوں گے۔دونوں فریقوں میں قیدیوں کے تبادلے اور فائربندی میں توسیع کے معاملے پر بات چیت ہوگی۔روانگی سے پہلے پروفیسر ابراہیم نے کہا ان کی کوشش ہے کہ جنگ بندی کے اعلان میں مزید توسیع ہو جائے۔
جنگ سے فائدے کے بجائے نقصان ہو گا ، مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی ایف آر بنوں میں بات چیت پر اصرار کر رہی ہے ، مذاکرات گزشتہ روز منگل کو ہونا تھے لیکن خراب موسم کے باعث ملاقات ایک روز کے لئے ملتوی کر دی گئی تھی۔