اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے حکومتی مذاکراتی ٹیم کے دو ارکان نے ملاقات کی۔
عمران خان نے واضح کیا کہ مذاکراتی عمل سے قوم کو آگاہ رکھا جائے اور اس سارے عمل کے دوران دونوں فریق سیز فائر کو یقینی بنائیں۔
ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم کے دو ارکان رحیم اللہ یوسفزئی اور رستم شاہ مہمند نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں عمران خان نے حالیہ مذاکراتی عمل کو خوش آئند قرار دیا اور کمیٹی ارکان کے سامنے پارٹی کا اصولی موقف رکھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل سے میڈیا اور عوام کو باخبر رکھا جائے تا کہ کسی قسم کا کوئی کنفیوژن پیدا نہ ہو اور کوئی بھی تیسری قوت ان مذاکرات کو سبوتاژ نہ کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل کی سنجیدگی اور کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اور طالبان دونوں مذاکرات کے دوران سیز فائر کو یقینی بنائیں۔