حکومت طالبان دہشتگردوں سے مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے۔ علامہ اصغر عسکری
Posted on March 4, 2014 By Majid Khan اسلام آباد
اسلام آباد : حکومت طالبان دہشتگردوں سے مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے۔ مذاکرات کے نام پر دہشتگردوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ ضلع کچہری پر حملہ حکومت اور طالبان کی مذاکرات میں سنجیدگی کامظہر ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان علامہ اصغر عسکری نے اپنے ایک بیان میں کیا اُ نکا کہنا تھا کہ طالبان پاکستان کو کھنڈر بنانے پر تلے ہو ئے ہیں ،مذاکرات اور جنگ بندی کا ڑرامہ اب ختم کیا جائے ، عوام حکومت کی کنفیوڑ پالیسی سے تنگ آچکے ہیں ، جنگ بندی کے اعلان کے بعد11 افراد اور شہریوں کی خاک و خون میں غلطاں لاشیں نواز حکومت اور طالبان کے پاکستانی عوام کو مشترکہ تحفے ہیں ،ایم ڈبلیو ایم ایف ایٹ کچہری میں بم دھماکے اور١١ بے گناہوں کے قتل کی شدید مذمت کر تی ہے، ایک مرتبہ پھر اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہیں کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن فوجی آپریشن کا آغاز جلد کیا جائے علامہ اصغر عسکری نے مزید کہا کہ عالمی استعماری قوتیں طالبان کی پشت پناہی کر رہی ہیں ، حکومت پاکستان بیرونی دبائومیں طالبان کے خلاف طاقت کے استعمال سے خوفزدہ ہے، روزانہ دہشت گرد حملے ، لاشو ں کے ڈھیر، عوام کے حوصلوں کو پست کر نے کی ایک سنگین سازش ہے۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہماری اعلیٰ عدلیہ نے بھی اپنا منصفانہ کردار ادا نہیں کیا ، آج یہ دہشت گرد ناسور بن کر ملک بھر میں پھیل چکے ہیں، اگر بروقت انہیں قابو کر لیا جا تا توملک و قوم کا اتنا جانی و مالی نقصان نہ ہو تا، آج ایک مرتبہ پھر سفاک دہشت گردوں نے ضلع کچہری میں بے گناہوں کے جسموں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ، ایڈیشنل سیشن جج رفاقت احمد خان اعوان اور دیگرو کلاء سمیت بے گناہ شہریوں کا قتل انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے جتنی مذمت کی جائے کم ہے، لیکن اس سے بڑھ کر افسوس کا مقام یہ ہے کہ طالبان نواز سیاسی ومذہبی جماعتوں نے ایک مرتبہ پھر اس دہشت گردانہ کاروائی کا جواز تلاش کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ اپنے اتحادی طالبان کو بری الذمہ قرار دلوانے میں کامیاب ہو جائیں۔علامہ ا صغر عسکری نے حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ طالبان دہشتگردوں اور ان کی حمایت یافتہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے خلاف فوری آپریشن کا باقائدہ آغاز کرے تاکہ اس ملک کی مظلوم عوام کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com