حکومت طالبان کی جنگ بندی کے اعلان کا مثبت جواب دے، مولانا یوسف شاہ

Maulana Yousaf Shah

Maulana Yousaf Shah

نوشہرہ (جیوڈیسک) طالبان کمیٹی کے کوآرڈنیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق عمرے کی ادائیگی کے بعد اپنا دورہ مختصر کرکے آج رات وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

تاکہ بات چیت کے عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔نوشہرہ میں جیو نیوز سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان نے جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی کمیٹی کا رد عمل کل تک سامنے آجائے گا۔

طالبان کمیٹی کا اجلاس بھی مولانا سمیع الحق کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ جس میں مذاکرات کے حوالے سے گفت و شنید ہوگی۔ اور طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے بعد حکومتی ردعمل کے متعلق بھی بات ہوگی۔ اور ممکن ہے کہ منگل کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ حکومتی اور طالبان کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوگا۔

مولانایوسف شاہ نے کہا کہ طالبان نے جنگ بندی کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت بھی طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا مثبت جواب دے۔ حکومتی کمیٹی سے ابھی تک براہ راست رابطہ نہیں ہوا۔