اسلام آباد (جیوڈیسک) رواں مالی سال جولائی تا نومبر حکومت ٹیکس آمدن کا ہدف پورا نہ کر سکی۔ سرکاری خزانے میں 5 ماہ کے دوران 800 ارب روپے سے زائد جمع ہوئے۔ ایف بی آر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے نومبر کے درمیان حکومت 846 ارب روپے ہدف کے مقابلے 806 ارب روپے ٹیکس وصول کر سکی۔
حکومت نے پورے مالی سال کیلئے ٹیکس آمدن کا ہدف 2475 ارب روپے مقرر کیا ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو حکومت آمدن میں کمی کا رونا رور ہی ہے تو دوسری جانب کاروباری طبقے کو ٹیکس مراعات دے رہی ہے اور اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ حکومت ٹیکس کا ہدف پورا نہیں کر سکے گی۔