سبی (محمد طاہر عباس) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن تختی پینل نے قلم دوات پینل کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اپنے حقوق کیلئے جدو جہد کریں بعض قوتیں اساتذہ کو مختلف دھڑوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
ان کے عزائم کو خاک میں ملا کر اساتذہ اتفاق و اتحاد کا مظاہر ہ کریں ان خیالات کا اظہار تختی پینل کے امیدواروں رضا محمد بنگلزئی نے اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ گورنمنٹ مڈل سکول دہپال بوستان سبی اساتذہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ اساتذہ متحد ہوکر ایک پلیٹ فارم پر جدوجہد کریں۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ اساتذہ میں یکجہتی ہو انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تختی پینل کی جانب سے اساتذہ تنظیم کے حالیہ انتخابات میں قلم دوات پینل کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
اس موقع پر قلم دوات پینل کے امیدوار حاجی یونس رند، مدثر محی الدین ، شیر علی جوشی، سجا د ، محمد بخش، شاہد اقبال ،طارق الماس ، یعقوب نودھانی ، عمران اعتماد ، حاجی عمران ، جنگیز گشکوری، حاکم ڈومکی ،خادم گشکوری، حسین سیلاچی، و دیگر اساتذہ بھی موجود تھے دوات قلم پینل کے امیدواروں محمد یونس رند ، حاجی مدثر محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے تختی پینل کے رضامحمد بنگلزئی اور انکے ساتھیوں کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ رضا محمد بنگلزئی اور انکے ساتھیوں نے مناسب وقت میں بہترین فیصلہ کرکے اساتذہ کے دل جیت لیے ہیں ان کی حمایت سے قلم دوات پینل کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ اساتذہ کے درمیان اتحاد و اتفاق ہو لیکن رضامحمد بنگلزئی اور ان کے ساتھیوں نے اساتذہ کے مفاد میں بہترین فیصلہ کرکے دوسرے اساتذہ کو بھی یکجا ہونے کادر س دیا۔