اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ جب حکمرانوں کے اپنے لوگ کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے رابطے رکھیں گے تو پنجاب میں دہشت گردی کیسے ختم ہو گی ؟(ن)لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گردوں کے حمایتوں کو گرفتار کرنے میں سنجیدہ نہیں صرف ڈنگ ٹپائو پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔
لاہور یوحنا آباد میں دھماکوں میں بے گناہوں کے قتل پر مذمت کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ ہم شور مچا مچاکر تھک گئے ہیں کہ (ن)لیگ کی صوبائی کابینہ کے بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کے کالعدم دہشت گردتنظیموں کے ساتھ آج بھی روابط ہیں لیکن کوئی ہماری اس بات پر توجہ نہیں دیتا جس کی وجہ سے آج بھی پنجاب میں دہشت گردی ہو رہی ہے اور بے گناہ لوگ اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردوں کو گرفتار کرے لیکن دہشت گردوں کی گرفتار ی کے ساتھ ساتھ ان دہشت گردں کے سہولت کاروں پر بھی ہاتھ ڈالنا ہو گا ورنہ مکمل دہشت گردی کا خاتمہ ایک خواب ہی رہے گا۔