لاہور (جیوڈیسک) لاہور امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت کو طالبان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا تب ہی خطے میں امن کے حوالے سے کوئی اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔ امیرجماعت اسلامی سید منور حسن کا کہنا ہے کہ حالات کا تقاضا ہے کہ قومی مفادات کو مد نظر رکھا جائے۔ طالبان کے خلاف طاقت کا استعمال کر کے دیکھ لیا۔ خطے میں بحالی امن کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں حکومت طالبان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کا فائدہ اٹھائے۔
امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے مذاکرات کے لیے جو توانائیاں خرچ کی جا رہی ہیں انہیں طالبان سے مذاکرات میں لگایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی ارکان سے ملاقات میں انہوں نے حکومت کو طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ہوم ورک مکمل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے تیاری ہوئی تو مسئلے کا کوئی نہ کوئی حل لازمی نکل آئے گا۔