سکھر (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور سلمان تاثیر کے صاحبزادوں کی بازیابی کے بغیر طالبان سے مذاکرات کو کوئی بھی تسلیم نہیں کریگا۔
حکومت طالبان کے مطالبات کے جواب میں علی حیدرگیلانی اور شہباز تاثیر کی رہائی کے مطالبے کو منوائے۔ سکھرائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو ملنے والی دھمکیوں کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو خط لکھ کر دھمکی کے حوالے سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ حمزہ شہباز کو متنازع بیانات دینے سے روکیں کیونکہ اس قسم کے بیانات سے کوئی فائدہ نہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قائم علی شاہ کو ہٹا کر بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلیٰ سندھ بنانے کی خبروں میںکوئی صداقت نہیں، ایم کیو ایم سے اتحاد کے بارے میں پارٹی کے چیئرمین نے بیان دیدیا ہے۔