اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے ججوں کے فیصلے کی روشنی میں بنائی گئی۔
تین ججوں کو پانامہ کیس میں جو ابہام نظر آیا، اسے دور کرنے کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی ہے مگر حکومت اداروں کو ڈرا دھمکا کر یا پریشرائز کرکے یا بلیک میل کرکے انہیں اس حد تک لے جانا چاہتی ہے کہ اگر جے آئی ٹی کوئی فیصلہ دینا بھی چاہے تو وہ اس خوف سے نہ دے کہ وہ تو پہلے ہی متنازعہ ہو چکی ہے مگر امید ہے کہ جے آئی ٹی ان باتوں میں نہیں آئے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نون لیگ کی تاریخ ہے کہ وہ اداروں کو ہمیشہ تھریٹ کرتی ہے، برصغیر کی تاریخ میں سپریم کورٹ پر حملے کا “کریڈٹ” صرف نون لیگ کو حاصل ہے اور اب بھی وہ اپنے اداروں کو اپنے اقتدار کی خاطر کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے حالانکہ حکومت اپنے اداروں کو خود کمزور کر دے تو پھر ملک عراق یا صومالیہ بن جایا کرتے ہیں۔