حکومتی کوششیں بے سود، پنجاب اسمبلی کے باہر نابینا افراد کا دھرنا جاری

Blind People Protest

Blind People Protest

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر نابینا افراد کا ملازمتیں مستقل کروانے کے لیے دھرنا جاری ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ مستقل ملازمت کا نوٹیفکیشن جاری کروا کے ہی جائیں گے۔ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے احاطے میں نابینا افراد سے حکومتی نمائندوں سے مذاکرات کے، چار دور ہوئے جو بے نتیجہ رہے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم قادری کا کہنا ہے کہ نابینا افراد کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں ۔نابینا افراد کا کوٹا 2 سے بڑھا کر 3 فیصد کردیا گیا ہے۔

احتجاج کرنے والے افراد سے آج صبح دوبارہ مذا کرات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین جب تک چاہیں اپنی نوکری جاری رکھ سکتے ہیں۔ نابینا افراد کے باقی مطالبات پورے کرنے کے لیے قانون سازی اور نوٹیفکیشن میں کچھ دیر لگےگی نابینا مظاہرین کو رات کا کھانا حکومت کی طرف سے فراہم کیا گیا۔

احتجاج کے ایشو پرنابینا افراد دوگروپوں میں بٹ گئے ہیں، ایک گروپ حکومت کو 31 مارچ تک مہلت دینے کو تیار ہے، جبکہ اکثریت کا مطالبہ ہے کہ نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے ۔ ان کا کہناہے کہ حکومت ماضی میں جھوٹے وعدے کرتی رہی ہے، ہم اعتبار نہیں کرسکتے۔