پشاور (جیوڈیسک) جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت اور متحدہ کو ایک میز پر لا کر مشن مکمل ہو گیا۔ اب مذاکرات کا سلسلہ آگے کیوں نہیں بڑھ رہا، مجھے اس کا علم نہیں اور اس بارے میں جمیعت میں کوئی اختلافات نہیں ہے۔
جمیعت علماء اسلام سیکرٹریٹ پشاور میں 2 روزہ مرکزی شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی مہینوں کے دوران پنجاب میں مدارس پر چھاپے مار کر ان کے تقدس کو پامال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کبھی بھی ایسے مغربی ایجنڈے کو برداشت کرنے کوتیار نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے روزانہ سرحدوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ افغانستان میں بھی بھارت چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور ایم کیو ایم کو ایک میز پر لا کر مشن پورا ہو گیا ہے۔ جسے جے یو آئی کی مرکزی شوریٰ نے سراہا ہے۔