حکومت کی جانب سے تحصیل وزیرآباد کے سیلاب متاثرین میں امدادی رقم کی دوسری قسط کی تقسیم شروع

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) حکومت کی جانب سے تحصیل وزیرآباد کے 5329 سیلاب متاثرین میں 19 کروڑ 88 لاکھ روپے کی امدادی رقم کی دوسری قسط کی تقسیم شروع۔ تقسیم کا عمل 6روز میں مکمل ہو گا۔ ساڑھے بارہ ایکڑ تک متاثرہ کاشتکاروں کو 10ہزار روپے فی ایکڑ اور زائد والوں کو سوالاکھ روپے کی ادائیگی ہو گی۔

سیلاب متاثرین میں حکومت پنجاب کی طر ف سے دوسری امدادی قسط کی ادائیگی کے سلسلہ میں مقامی میرج ہال میں انتظام کیا گیا۔ اس موقعہ پر ممبر قو می اسمبلی جسٹس افتخار احمد چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر رائو سہیل اختر اور دیگر بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالہ کیلئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کیمطابق مکان کے نقصان پر زیادہ سے زیادہ 55ہزار روپے کی امداد دی جا ئے گی ۔آج 912متاثرین میں چیک تقسیم کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی رقم کا حجم 19کروڑ 88لاکھ روپے ہے جو 5329متاثرین میں ایک فارمولے کے تحت تقسیم کی جائے گی۔ ساڑھے بارہ ایکڑ یا اس سے کم کے مالکان میں فصل تباہ ہونے کی صورت میں دس ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے اور اس سے زائد کی ملکیت والے متاثرین میں سوا لاکھ روپے فی متاثرہ کے حساب سے امداد دی جائے گی۔اس طرح جن کے مکان کا نقصان 40فیصد تک ہے ان کو 15ہزار روپے فی کس اور اس سے زائد نقصان پر 55ہزار روپے فی کس امداد دی جا رہی ہے۔

امدادی چیکوں کی تقسیم کا عمل 6روز میں مکمل کیا جائے گا۔سیلاب متاثرین کو پہلی قسط25ہزار روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے جبکہ دوسری قسط کی ادائیگی کیلئے بھی تمام تر پراسیس مکمل کرلیا گیا ہے اور آئندہ چھ روز تک دوسری قسط کی ادائیگیوں کا عمل جاری رہے گا۔ اس موقعہ پر سیلاب متاثرین کی بڑی تعداد اپنے کلیم جمع کروانے کیلئے موجود تھی جنہوں نے موقعہ پر بینک آف پنجاب اور نادراکی طرف سے لگائے گئے۔

خصوصی کائونٹر ز پر اپنے اپنے کاغذات جمع کروائے بیشتر افراد کو کاغذات کی پڑتال کے بعد 10ہزارسے ایک لاکھ روپے تک کے امدادی چیک جاری کئے گئے۔ ممبر قومی اسمبلی افتخار احمد چیمہ نے تحصیل انتظامیہ کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے کئے اقدامات کا جائزہ لیا اور اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی کاوشوںکو سراہا۔