اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنے کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کےلئے پرعزم ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کی اپنے حقوق کے لئے جدوجہد ہر شعبہ زندگی میں نظرآنی چاہیے۔ خواتین کے حق میں قانون سازی اور ان کی سماجی و معاشی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کےلئے اٹھائے گئے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست خواتین کی ہر شعبہ میں شمولیت چاہتی ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت اور تمام متعلقہ فریقین کی مضبوط شراکت کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں سول سوسائٹی، مخیر حضرات، میڈیا، کارپوریٹ سیکٹر اور بالخصوص خواتین آگے آئیں اور حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے اداروں، غیر سرکاری تنظیموں اور میڈیا کی طرف سے خواتین کو سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات میں تعاون کو سراہا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سماجی تنظیمیں اور میڈیا آئندہ بھی اس مقدس مشن میں تعاون جاری رکھے گا۔