سکھر (جیوڈیسک) جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل اور سابق سینیٹر علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنوں کی آڑ میں مغربی ایجنڈے اور مغربی تہذیب کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان اور طاہر القادری غیر ملکی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی قوم ان کو مسترد کرچکی ہے۔ امپائر نے بھی میاں نواز شریف کو کھیل جاری رکھنے کا اشارہ دے دیا ہے، اب عمران و قادری کو اپنی ناکام سیاست کو پارلیمنٹ کے سامنے دفن کر کے واپس جانا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں صوبائی رہنمائوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان قانون، آئین اور حکومتی رٹ کو چیلنج کر کے طالبان سے بڑی بغاوت کر رہے ہیں۔ طالبان کی حمایت کرنا جرم ہے تو عمران خان کی حمایت کرنا اس سے بڑا جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے قومی مجرم ہیں، ان پر غداری اور بغاوت کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ لاٹھیاں اٹھا کر قبضہ کرنا اگر صحیح ہے تو پھر لال مسجد کی طالبات کو کیوں موت کے گھاٹ اتارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جس کے مطالبات سراسر غیر آئینی ، غیر جمہوری ہوں اور جو مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہو اور اداروں پر حملے کروارہا ہو، اس سے کیونکر مذاکرات کئے جاسکتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اقتدار کے دوران ایمرجنسی نافذ کرکے ملک بھر میں لوگوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنانے والے پرویز مشرف کو بھی آج عمران خان کے ساتھ ہمدردی پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو بھی اسلامی اور مغربی تہذیب اور جمہوریت اور آمریت کے درمیان لٹکنے کے بجائے ایک طرف ہونا چاہیے۔ جے یو آئی رہنما نے انکشاف کیا کہ عمران خان کے نام نہاد آزادی مارچ اور دھرنے پر دو ہفتوں میں دو ارب روپے خرچ کئے گئے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کی تحقیقات کی جائیں کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا۔
انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے پارٹی میں جمہوریت کا پول کھول دیا ہے، عمران خان دو ہفتوں سے کارکنوں اور عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں، ان کے غلط اور آمرانہ فیصلوں کی وجہ سے پی ٹی آئی آج شکست و ریخت کا شکار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے پارٹی رہنما جاوید ہاشمی کی سیاست کو نہ سمجھ سکے، وہ مولانا فضل الرحمٰن کی سیاست کو کیا سمجھیں گے۔ مگر ان کو جلد مولانا کی سیاست سمجھ میں آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک میں غیر ملکی ایجنڈا اور مغربی تہذیب مسلط کرنے اور جمہوریت اور آئین کو ختم کرنے کی سازشوں کو ناکام بنادیگی۔