حکومتی رٹ تسلیم نہ کرنے والوں کیخلاف بمباری جاری رکھنے کا فیصلہ

Raheel Sharif, Nawaz Sharif

Raheel Sharif, Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل ظہیر الاسلام اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے شرکت کی۔ وزیر اعظم کے سیکرٹری اور ایڈشنل سیکرٹری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس میں ملک کی سلامتی اور خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ وزیر اعظم کے دورہ بھارت اور بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کے ساتھ ملاقات پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیر اعظم کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں طالبان گروپوں میں اختلاف اور وزیرستان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں حکومتی رٹ تسلیم نہ کرنے والوں کیخلاف بمباری جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ صرف ہتھیار ڈالنے والوں سے بات ہوگی۔ جنوبی وزیرستان میں معاملات بہتر ہوئے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں تاہم شمالی وزیرستان میں کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید موثر بنایا جائے گا۔