حکومتی رٹ قائم کرنا ہو گی : خورشید شاہ

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے اے پی سی میں سچ بولا، اپنی کمزوریاں بھی کھل کر بتائیں۔ حکومت کے ساتھ ہیں۔ سخت فیصلے کرنا پڑیں گے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے گزشتہ روز ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا۔ اسلام آباد میں ذرائع سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کھلے دماغ کے ساتھ اے پی سی میں شرکت کی۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا۔ حکومت نے اپنی کمزوریاں کھل کر بتائی ہیں۔ امن و امان قائم کرنے کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کو کراچی، بلوچستان اور فرقہ واریت سمیت تمام محاذوں پر حکومتی رٹ قائم کرنا ہوگی۔ پیپلز پارٹی ملک میں امن چاہتی ہے۔

حکومت کو افغان طالبان سے مذاکرات کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پرویز خٹک خیبر پختونخوا میں سٹیک ہولڈرز ہیں۔ ان کی وزیر اعظم اور آرمی چیف سے الگ ملاقات کا برا نہیں منایا۔ اس سے پہلے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے بھارتی ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔ خورشید شاہ نے ٹی سی اے راگھوان کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ بھارتی ہائی کمشنر کنٹرول لائن پر کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے۔