لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم کہیں نہیں جارہے اور ہم پکے 5 سال کیلئے آئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 31 دسمبر سے پہلے جھاڑو پھرے گی، کوئی کہہ رہا ہے ہم دسمبر میں جارہے ہیں اور کوئی جنوری کا کہہ رہا ہے، بھائی جان ہم کہیں نہیں جارہے، ہم پکے 5 سال کیلئے آئے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان کرپٹ لیڈر کے خلاف جہاد کر رہا ہے، 31 دسمبر سے پہلے میم سے شین کے 8 سے 15 آدمی نکلیں گے، 8 سے 15 آدمی اپوزیشن کو چھوڑ جائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پہلے نواز شریف بے نظیر کو سکیورٹی رسک کہتے تھے، آصف زرداری بہت پروفیشنل ہیں، انہیں معلوم ہے جیل، اسپتال اور گھر کب جانا ہے، بلاول کل لاہور آئے شوق سے آئے، وہ سندھ سے حکومت ختم نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے عالمی سازش ہو رہی ہے۔