خیرپور (جیوڈیسک) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا ہےکہ سندھ کا کھانے والے آج سندھ کو تقسیم کرنے کی باتیں کررہے ہیں، سندھ ایک ماں ہے جو شخص اپنی ماں کو تقسیم کرنے کی بات کرےگا وہ کسی کا نہیں ہوتا ہے، سندھ کسی ایک شخص کا نہیں جو وہ راج کرے گا، سندھ ہم سب کا ہے اس پر کوئی بھی میلی آنکھ ڈالے گا تو ہم اس کی آنکھیں نکال دیں گے، خیرپور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ ہماری اتحادی ہو کر بھی ایسے بیانات دے رہی ہے سندھی قوم نے کالا باغ ڈیم نہیں بننے دیا تو اب سندھ کو تقسیم کیسے کرنے دے گی، پیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کی ہے، ن لیگ نے صرف سیاست چمکائی، سندھ حکومت نے لاکھوں افراد کو روزگار دیا ہے۔
اب پھر سے ہزاروں بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی، سندھ میں اب محکمہ صحت، محکمہ ریونیو اور ایکسائز میں نئی ملازمتیں دے گی، غریب نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار ملے گا، کراچی کے حالت پہلے سے بہتری کی طرف جارہے ہیں، سندھ حکومت کی سب سے پہلی ترجیح یہ ہے کہ کراچی سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری ختم کی جائے، انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ کے ساتھ کئی بار زیادتیاں کرتا آیا ہے۔
سندھ کو اپنے حصے کا پانی نہیں ملتا، گیس سندھ سے جاتی ہے لیکن گیس سندھ کو ہی نہیں ملتی لیکن اب سندھ اپنا دفاع خود کرے گا اور اپنا حساب لیکر رہے گا۔ مہرین بھٹو نے کہاکہ ملک میں ہرطرف عوام تفریح کررہے ہیں، کبھی اسلام آباد میں دھرنے تو کبھی کراچی میں، لیکن دھرنوں سے کیا عوام کو فائدہ پہنچ رہاہے، سیاست دانوں کو دھرنوں سے ہی سیاست کرنی ہے تو وہ چلتی رہے گی اور عوام بیوقوف بنتے رہیں گے۔