لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا کام شروع کر دیا گیا۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ گورنر ہاؤس کوئی تاریخی جگہ نہیں، ایک آفس ہے اور وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ 48 سے 72 گھنٹے میں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔
جس کے بعد اب لاہور میں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا کام شروع کردیا گیا ہے اور الحمرا کے سامنے مال روڈ پر گورنر ہاؤس کی دیواروں سے جنگلے بھی اُتار لیے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب محمد سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کے دروازے بھی عوام کیلئے کھولنے کا وعدہ پورا کردیا، گورنر ہاؤس کے بارے میں قائم کمیٹی تجاویز عمران خان کو پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک پلان اور حکمت عملی کے تحت گورنر ہاؤس کی دیواریں گرائی جائیں گی اور دیوار کی جگہ حفاظتی جنگلہ لگایا جائے گا، گورنر ہاؤس کی عمارت گرانے کا تاثرغلط ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین قومی ورثہ کمیشن شفقت محمود کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس لاہور کی چاردیواری کی جگہ خوبصورت آہنی جنگلا لگایا جائے گا، آہنی جنگلے کی تنصیب سے گورنرہاؤس کی عمارت میں مزید کشش پیدا ہوگی۔