پشاور (جیوڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے گورنر خیبرپختونخوا کا وزیرستان آپریشن کے خاتمے کا ٹائم فریم دینے سے انکار کر دیا اور کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں حکومتی رٹ کی بحالی کے بعد جاری آپریشن چند ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب متاثرین کو رقم کی ادائیگی موبائل سمز کے ذریعے شروع کردی گئی ہے۔ گورنر ہاؤس پشاور میں آئی ڈی پیز کو موبائل سمز کے ذریعے امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سردار مہتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں بدامنی کے خاتمے کے لئے آپریشن کامیابی سے جاری ہے جوکہ حکومت، فوج اور عوام کا فیصلہ ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شمالی وزیرستان سے 18 جون کے بعد اب تک 66 ہزار سے زیادہ خاندان نقل مکانی کرچکے ہیں جن میں 39 ہزار کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نادرا سے تصدیق شدہ 25 ہزار متاثرہ خاندانوں کو موبائل سمز کے ذریعے رقوم کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔
اس سے پہلے شمالی وزیرستان کے گرینڈ جرگہ کے اراکین نے گورنر سے ملاقات کی اورانہیں ہرقسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی،اس موقع پر گورنر کا کہنا تھا کہ آپریشن کا ہدف دہشتگرد ہیں اور عام شہریوں کو نقصان نہیں پہنچے گا جب کہ شمالی وزیرستان کے ملازمین کو بنوں سے تنخواہیں ادا کی جائے گی۔