گورنر راج کی باتیں جمہوری عمل پر نقصان پہنچانے کی سازشیں ہیں، شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کی باتیں جمہوری عمل پر شب خون مارنے کی سازشیں ہیں جسے سندھ کے عوام کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے آج اپنے بیان میں کہا کہ آمروں کے کاسہ لیس جمہوریت سے اس حد تک خائف ہیں کہ انہوں نے عوامی مینڈیٹ کو کچلنے کے لئے اپنے پرانے حربے استعمال کرنا شروع کردیئے ہیں جبکہ سندھ کے عوام ایسے عناصر کو یکسر مسترد کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے جبکہ عوام کے مسترد کردہ نام نہاد لیڈر سیاست کے پردے میں اپنی مذموم سازشوں میں مصروف عمل ہیں اور جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کے لئے اپنے بیانات سے ایسے تاثر پیدا کررہے ہیں کہ سندھ میں اب گورنر راج ناگزیر ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا ہے اور عوامی خواہشوں کے برعکس صرف ایک شخص کے ذاتی عناد پر جمہوریت کا عمل روکا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں عوام کے مسترد کردہ عناصر اب جمہوریت کے دشمنوں کی گود میں بیٹھ کر سیاست کے دا پیچ لڑا رہے ہیں جبکہ وہ انتخابی عمل میں ایک یونین کو نسل کی نشست پر کامیابی نہیں حاصل کرسکے اس طرح کا مکروہ عمل اور منافقت کے عادی سیاستدانوں کو سندھ کے باشعور عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔