کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے برطانوی حکام، صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور لندن میں الطاف حسین کو حراست میں لئے جانے کی اطلاعات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے اہم حلقوں کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی کے عوام تذبذب اور پریشانی کا شکار ہیں۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ عشرت العباد نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے الطاف حسین اور کارکنوں سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے الطاف کی صحت پر تشویش کا اظہار اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے گورنر سندھ کو فون کر کے الطاف کی گرفتاری پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے سندھ بھر میں امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی۔