گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان 13 ویں سینئر منیجمنٹ کورس کی تقریب سے خطاب

Governor Sindh

Governor Sindh

سندھ (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ مجھے 13 ویں سینئر منیجمنٹ کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انتہائی خوشی کا احساس ہورہا ہے میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنھوں نے اس اہم اور حساس کورس میں کامیابی حاصل کی مجھے امید ہے کہ جس تربیت سے وہ گذرے ہیں اس نے نا صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔

بلکہ اس تربیت سے ان کی فیصلہ سازی کی قوت میں بھی یقینا اضافہ ہوا ہوگا جس سے ان کو مختلف سطح پر فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاس میں منعقدہ تیرہویں سینئر منیجمنٹ کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سے وابستہ اساتذہ نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر آپ کی ذاتی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید جلا بخشی اور مجھے اس بات کا بھی یقین ہے کہ وہ مضامین جس میں پبلک پالیسی، تحقیق اور منیجمنٹ شامل ہیں وہ آپ کو گڈ گورننس کی اصطلاح پر پورا اترنے میں مدد گار ہوگی۔

میرے خیال میں سرکاری نوکریاں رضاکارانہ عہد پر انحصار کرتی ہیں اور ایک سرکاری افسر کوشش کرتا ہے کہ لوگوں کو مروجہ پالیسی کے تحت آسانیاں فراہم کریں تاکہ بہتر نتائج فراہم ہوں اس وقت اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ تاریخی اٹھارویں ترمیم نے سرکاری افسروں پر ذمہ داریاں بڑھا دی ہیں خصوصا وہ افسران جو صوبائی حکومت سے وابستہ ہیں نئے شعبوں نے آپ کی ذمہ داریوں میں اضافہ کیا ہے۔

جس سے نمٹنے کے لئے آپ کو حاصل کردہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 20 گریڈ کے افسران کی یہ تربیت معمول کا حصہ نہیں ہوتی ہے حقیقت میں گریڈ 20 تک ترقی کے لئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اہم تبدیلیوں کی ضرورت ہوتی ہے لہذا یہ تربیت سرکاری افسران میں ایسی تبدیلی پیدا کرتی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں سے وفاقی اور صوبائی سطح پر بہتر خدمات انجام دے سکیں۔