لندن(جیوڈیسک)ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے حکومت سے فخرالاسلام کے قاتلوں کوفوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل وغارتگری سے ایم کیوایم کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ہالا ناکہ حیدرآباد میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں حیدرآبادپی ایس 47 سے ایم کیو ایم کے امیدوارسابق حق پرست کونسلراور ایم کیوایم حیدرآبادسیکٹرB ، یونٹ 16 کے جوائنٹ انچارج فخرالاسلام کے قتل کو کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ کارروائی قراردیا ہے۔
لندن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور نگراں وزیراعلی سندھ زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کے امیدوارفخرالاسلام کے قتل کا فوری نوٹس لیا جائے۔
سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اور ایم کیوایم کے تمام نامزد امیدواروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ الطاف حسین نے کہا ہے ایم کیو ایم کے شہدا کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور سفاک قاتل اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچیں گے۔