کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کی ہدایت کے بعد کراچی کے بیشتر علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے، تاہم شہر کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی رات 12 بجے سے 4 بجے تک معطل رہی۔گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کی خصوصی ہدایت پر شہر کے بیشتر علاقوں میں رات 12 بجے کے بعد کے اوقات میں اضافی لوڈ شیڈنگ بتدریج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ترجمان گورنر ہاوس کے مطابق کراچی کے صنعتی علاقوں میں صبح 9 بجے سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا جائیگا،دوسری جانب گارڈن ، گلشن اقبال، جمشید ٹاون، کورنگی اور ڈالمیا سمیت کئی علاقوں میں رات کے اوقات میں بجلی کی غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ ہوئی ،لیکن باقی علاقوں میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں صورتحال بہتر رہی۔
گزشتہ روزگورنر سندھ نے بجلی کے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے کی ای ایس سی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا اجلاس گورنر ہاوس میں طلب کیا تھا۔ گورنر سندھ کی ہدایت پر اور کے ای ایس سی کی جانب سے ادائیگیوں کی یقین دہانی کے بعد سوئی سدرن نے گیس کی ترسیل میں اضافہ کردیا ہے۔کے ای ایس سی حکام کا کہنا ہے کہ معمول کے مطابق گیس ملنے سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہوجائے گا اور صنعتی علاقے لوڈشیڈنگ سے مستثنی ہوں گے۔