کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بلدیاتی نظام سے متعلق ترمیمی بل پر دستخط کر دیئے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں بلدیاتی ترمیمی بل 2014 وزیر قانون سندھ ڈاکٹر سکندر میندھرو نے پیش کیاتھا جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا۔
بل میں کی گئیں 11 ترامیم کے تحت نئی حلقہ بندی کی جگہ حلقہ سازی کالفظ شامل کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کو بلدیاتی حلقہ سازی کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ اختیارات سندھ حکومت کے پاس تھا۔
الیکشن کمیشن یونین کونسل، یونین کمیٹی یا وارڈ کی حد بندی کرے گا۔ جبکہ شہری علاقوں میں بھی الیکشن کمیشن کو میونسپل کمیٹی، ٹاؤن کمیٹی اور کارپوریشن کی حدود کا تعین کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
بل کے مطابق الیکشن کمیشن کو اختیار ہوگا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر وہ کسی بھی امیدوار یا منتخب رکن کو 4 سال کے لیے نااہل قرار دے سکے۔ اس سے پہلے نااہل قرار دینے کا اختیار سندھ حکومت کے پاس تھا۔