کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ محمد زبیر عمر عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں گورنر سندھ بننے والے محمد زبیر عمر نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ممنون حسین کو بھجوادیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی سندھ ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کی حیثیت سے کام کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو ہٹایا جائے گا،یہ فیصلہ پارٹی کی اعلی سطحی مشاورت میں کیا گیا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک رفیق رجوانہ، خیبر پختونخوا میں اقبال ظفر جھگڑا صوبائی گورنر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اس کے علاوہ بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے بھائی ہیں جب کہ گورنر سندھ نے آج استعفیٰ دے دیا ہے۔