اسلام آباد (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ ایوان صدر نے استعفی موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔ وزیر داخلہ نے استعفی واپس لینے کیلئے عشرت العباد سے رابطہ کر لیا۔ گورنر سندھ عشرت العباد دو روز قبل تین روز کی رخصت پر اپنے بیٹے کے ہمراہ دبئی گئے تھے۔
جہاں سے انہوں نے بذریعہ فیکس اپنا استعفی ایوان صدر ارسال کر دیا۔ دوسری جانب گورنر سے استعفی واپس لینے کیلئے وزیر داخلہ چودھری نثار سرگرم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے دبئی میں ڈاکٹر عشرت العباد سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے اس سے قبل وزیر اعلی سندھ اور بابر غوری سے بھی گفتگو کی ایم کیو ایم کی جانب سے ابھی تک گورنر کے مستعفی ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان ملکی تاریخ میں طویل ترین عرصے تقریبا گیارہ سال تک گورنر کے عہدے پر فائز رہے جبکہ کم عمر ترین گورنر کا اعزاز بھی انہی کے پاس ہے۔