کراچی (جیوڈیسک) دو ماہ پہلے سندھ کا اکتیسواں گورنر مقرر کرنے پر سابق چیف جسٹس سعید الزماں صدیقی نے گیارہ نومبر کو عہدے کا حلف اُٹھایا۔ سعید الزماں صدیقی یکم دسمبر 1937ء کو لکھنؤ بھارت میں پیدا ہوئے۔ 1954ء میں انہوں نے جامعہ ڈھاکا سے انجنیئرنگ میں گریجویشن کی۔ جامعہ کراچی سے 1958ء میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔
پانچ نومبر انیس سو نوے کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر ہوئے۔ تیئس مئی انیس سو بانوے کو انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کر دیا گیا۔ یکم جولائی 1999ء سے 26 جنوری 2000ء تک چیف جسٹس آف پاکستان رہے۔ وہ پاکستان کے پندرہویں چیف جسٹس تھے۔
جسٹس سعید الزماں صدیقی کو جنرل پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی گورنر کا حلف اٹھانے کے بعد ایک ماہ تک ہسپتال زیرعلاج رہے اور ڈسچارج ہونے کے باوجود ان کی طبعیت سنبھل نہ سکی۔
گورنر کو نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ گورنر سندھ کی وفات پر صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو، عمران خان، سراج الحق اور دیگر رہنماؤں نے گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔