ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندہ نے مشہور ہالی ووڈ ایکشن فلم ’ اویٹار‘ کو ٹھکرانے کی وجہ بتا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندہ نے حال ہی میں ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے ہالی ووڈ کی 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اویٹار‘ سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ معروف ہدایتکار جیمز کیمرون کی جانب سے مجھے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی یہ وہ فلم تھی جوکہ دنیا بھر میں غیرمعمولی طور پر مقبول ہوئی اور بزنس کے کئی ریکارڈ قائم کئے تھے۔
گووندہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میں ہی وہ شخص ہوں جس نے اس فلم کا نام ’اویٹار‘ تجویز کیا تھا اور اس دوران میں نے جیمز کیمرون سے کہا تھا کہ آپ کی یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ترین فلم رہے گی اور ساتھ ہی میں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس فلم کو مکمل ہونے میں کم از کم سات سے آٹھ سال درکار ہوں گے جس پر کیمرون نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
اداکار نے فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ فلم کا اسکرپٹ اچھا تھا لیکن میں نے جیمز کیمرون کو کہا کہ آپ مجھے اس فلم میں معذور اداکار کا مرکزی کردار ادا کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ اور آپ چاہتے ہیں کہ میں 410 دن کی شوٹنگ کے دوران میں جسم کو رنگین رکھوں تو میں نے معذرت کرلی اور فلم سے انکار کردیا۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ میرے انکار کے بعد فلم میں دوسرے اداکار کو کاسٹ کیا گیا لیکن فلم کے حوالے سے کی گئی میری پیشگوئی بلکل صحیح ثابت ہوئی۔ فلم آٹھ سے نو سال بعد ریلیز کی گئی جوکہ سپر ہٹ رہی۔