کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سینئر وکیل نعمت علی رندھاوا کے قتل کے خلاف آج دوسرے روز بھی سٹی کورٹ میں وکلا کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔ مسلم لیگ ن سندھ لائرز ونگ کے نائب صدر اور سینئر وکیل نعمت علی رندھاوا کے قتل کے خلاف سٹی کورٹ میں دوسرے روز بھی وکلا نے عدالتی کاروائیوں کا بائیکاٹ کیا اور مقدمات میں پیش نہیں ہوئے۔
وکلا کے بائیکاٹ کے باعث جیل سے ملزمان کو بھی پیشی کیلئے عدالت نہیں لایا گیا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا۔ صدر کراچی بار نعیم قریشی وکلا کے تسلسل کیساتھ ٹارگٹ کلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نعمت رندھاوا کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور وکلا کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ نعمت علی رندھاوا کی خدمات حال ہی میں ذرائع کے رپورٹر ولی بابر قتل کیس میں بھی حاصل کی گئی تھیں۔