فضل الہی نے بندوق کے زور پر بجلی چوروں کو چھڑایا، عابد شیر علی

Abid Sher Ali

Abid Sher Ali

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی فضل الہی پر بجلی چوروں کی سرپرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بندوق کے زور پر بجلی چوروں کو چھڑایا۔ وزیر مملکت عابد شیر علی کے مطابق پیسکو حکام نے انہیں شکایت کی ہے کہ پشاور کے مضافاتی علاقے دیو بہادر سب ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی تھی۔

تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ آئے اور بجلی چوروں کو زبردستی چھڑا کر لے گئے۔عابد شیر علی نے بتایا کہ انہوں نے پیسکو حکام کو ہدایات دی ہیں کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الہی کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی درج کرائیں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ بجلی چوروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کی سرپرستی کرنیو الوں کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کریں گے۔