لندن (جیوڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آف سپنر گریم سوان نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان وہ جلد کر دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق 34 سالہ گریم سوان کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے نے آسٹریلیا کیخلاف حالیہ ایشز سیریز میں شکست خوردہ انگلش ٹیم کو ایک اور جھٹکے سے دوچار کر دیا ہے۔
گریم سوان نے 5 میچز کی ایشز سیریز کے بقیہ دو میچز بھی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ گریم سوان اپنی ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔
انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے 60 ٹیسٹ میچز میں 29.96 کے تناسب سے 255 وکٹیں حاصل کیں ہیں جبکہ 79 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 104 اور 39 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 51 کھلاڑیوں کو شکار کیا ہے۔