راولپنڈی میں آلو اور گرینڈ دونوں کے دام ایک ہیں، شیخ رشید

 Sheikh Rashid

Sheikh Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صرف تختیاں نہیں لگا رہی، ٹھوس منصوبے بنا رہی ہے، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت کی قوت فیصلہ یا تو کمزور ہے یا پھر ہے ہی نہیں، راولپنڈی میں آلو اور گرینیڈ کے ریٹ ایک جیسے ہیں۔ عمر ایوب کہتے ہیں خیبرپختونخوا حکومت کی دونوں ٹانگیں قبر میں ہیں۔

قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کیلئے رقم مختص کر دی گئی ہے، عالمی بینک نے داسو ڈیم کا منصوبہ منظور کر لیا ہے، جس پر پانچ سو اٹھاسی ملین ڈالر خرچ ہوں گے، داسو ڈیم کا منصوبہ خیبر پختونخوا میں ہے پنجاب میں نہیں، جو کام موجودہ حکومت کر رہی ہے، وہ بہت پہلے ہو جانے چاہئے تھے۔

بجٹ سیشن کے دوران، شیخ رشید نے بھی اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو موجودہ اسمبلی سے نہیں ڈرنا چاہئے، حکومت نے ایک بھی ادارے کا سربراہ میرٹ پر نہیں لگایا، شجاعت عظیم کا کورٹ مارشل ہوچکا ہے وہ چپڑاسی نہیں لگ سکتے، وزیراعظم کو بھارت جا کر نوید جنڈال سے ملاقات کے بجائے، کشمیری رہنماؤں سے بھی ملنا چاہئے تھا، راولپنڈی میں آلو اور گرینیڈ کے ریٹ ایک جیسے ہیں۔

ن لیگ کے رکن، عمر ایوب نے تحریک انصاف کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ احساس کمتری کا شکار ہیں، الیکشن ٹربیونل میں موجود کیسز کی تعداد اتنی نہیں کہ تحریک انصاف حکومت بنا سکے، وزیراعظم ہاؤس کے کتوں کی تو بہت بات کی جا رہی ہے، سنا ہے بی گالہ میں عمران خان کے پاس اعلیٰ نسل کے کتے ہیں، عمر ایوب کی تقریر کے دوران تحریک انصاف کے ارکان نے شور شرابہ کیا، اس پر عمر ایوب نے لقمہ دیا کہ ان کی سچی باتیں کڑوی لگیں، اس لیے تکلیف ہے، ایوان میں بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔