لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیرسماجی بہبود و بیت المال میاں عطا محمد مانی کاپھر سے ایکشن میں آ گئے ہیں، سابق دور میں ق لیگ سے الگ ہو کر ن لیگ کی سپورٹ کرکے یونی فکیشن گروپ بنایا، اب وزارت سے علیحدگی کیلئے پر تولنے لگے ہیں۔ میاں عطا مانی کا نے ذرائع سے ٹیلیفونک گفتگو میں اپنی موجودہ وزارت کو بے معنی قراردے دیا، انہوں نے کہاکہ وہ ایسی وزارت سے بددل ہو چکے ہیں۔
وہ صوبائی وزیر ِ سماجی بہبود و بیت المال توہیں مگر مستحقین کی مدد کرنے سے قاصر ہیں، بلدیاتی حلقہ بندیوں میں بھی ان سے مشاورت نہیں کی گئی، میاں عطا مانی کا کہنا تھا کہ وہ سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں کہ بے معنی وزارت رکھیں یا چھوڑ دیں۔اس سلسلے میں ساتھیوں سے مشاورت جاری ہے۔