کراچی (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے نامزد صدارتی امیدوار ممنون حسین کا تعلق کراچی کی تاجر برادری سے ہے، اور وہ چھ ماہ تک سندھ کے گورنر بھی رہے ہیں۔ ممنون حسین کووزیر اعظم نواز شریف اور انکے خاندان میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ممنون حسین پیشے کے اعتبار سے کپڑے کے کاروبار سے منسلک ہیں اور ایک عرصے تک وہ خود اپنا کاروبار چلاتے رہے ہیں۔
تاہم نوے کی دہائی کے آخر میں وہ مسلم لیگ ن کی سیاست میں سرگرم ہوئے اور میاں نواز شریف کی قربت کی وجہ سے انہیں جون 1999 میں سندھ کا گورنر بنایا گیا لیکن بارہ اکتوبر کو میاں نواز شریف کی حکومت کے خاتمے کے بعد ممنون حسین کو بھی گورنر کا عہدہ چھوڑنا پڑا۔ممنون حسین دوران اسیری اور جلاوطنی کے دنوں میں میاں نواز شریف اور ان کے خاندان سے رابطے میں رہے۔
ممنون حسین نے طویل عرصہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں نہ صرف کاروبار جاری رکھا بلکہ وہیں رہائش پزیر بھی رہے۔ تاہم چند سال قبل وہ اولڈ سٹی ایریا سے ڈیفنس منتقل ہو گئے۔ قریبی ذرائع کے مطابق ممنون حسین کے دو بیٹے اب بھی کپڑے کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ جبکہ ان کا ایک بیٹا غیر ملکی بنک میں اہم عہدے پر فائز ہے۔