خانیوال ( نوید اشرف کمبوہ) عظیم الشان تاریخ ساز سالانہ محفل جشن میلاد مصطفی زیرصدارت ولی عہد سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر پاک پتن شریف صاحبزادہ دیوان احمد مسعود چشتی فاروقی منعقد ہوئی ۔جس میں مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان ‘پیر سید طاہر ابرار شاہ قادری’صاحبزاہ حسن مسعودچشتی آف انڈیاتھے ۔اس موقع پر شمع رسالت کے ہزاروں پروانوں نے شرکت کی ۔محفل میں قاری عبدالغفار نقشبندی’ صاحبزادہ ملک عبدالمصطفیٰ سعیدی آف ڈیرہ نواب’صاحبزادہ محمد نیاز احمد قادری ملتان’اویس حیدر رضا ‘غلا م بنی رضوی ودیگر ثناء خوانوں نے نذرانہ عقید ت پیش کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب دنیا اسلام کے عظیم ثناء خوان مصطفی الحاج محمد اویس رضا قادری نے قاری عبدالغفار نقشبندی کے ہمراہ کلام امام احمد رضا خان بریلوی ‘سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا بنی’پڑھا تو محفل میں انوار تجلیات کی بارش ہوگئی ‘فضاء یا رسول اللہ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی ۔الحاج محمد اویس رضا قادری نے مختلف کلام پیش کرکے سماع باند ھ دیا ‘عشاقان رسول دل کھول کر الحاج اویس رضا قادری کو داد وتحسین پیش کرتے رہے ۔بانی محفل صدر تحریک اہلسنت جنوبی پنجاب شیخ ذوالفقار علی رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفل میلاد ہمارے ایمان کا حصہ ہے ملکی سطح کی یہ محفل پاک اہلیان خانیوال کیلئے خالق کائنات کا حسین تحفہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحفظ ناموس رسالت کیلئے ہم ہر قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں یہود ہنود کی ناپاک سازش توہین رسالت قانون میں کسی قیمت پر ترمیم نہیں ہونے دیں گے اورتوہین رسالت ایکٹ کا تحفظ ہر مسلمان کیلئے اس کی شہ رگ سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ گستاخان رسول ملعون آسیہ سمیت سزائے موت کے مجرما ن کو فوری طور پر پھانسی پر لٹکایا جائے۔
علامہ نصیرالدین نصیر رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفل نعت عاشقان رسول کے دلوں کو جلا بخشتی ہے حب رسول محبت رسول کا جذبہ پیدا کرتی ہے اس کے انعقاد پر ہم شیخ ذالفقا ر علی رضوی ‘شیخ محمد شفیق رضوی کو عظیم الشان محفل کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اس عظیم مشن کو پہلے کی طرح بڑھ چڑھ کر محفل میلاد کا انعقاد کرتے رہیں گے ۔آخر میں درودو سلام پیش کرنے کے بعد دیوان احمد مسعود چشتی فاروقی نے ملک پاکستان کی سلامتی او رترقی کیلئے خصوصی دعا کی اور افواج پاکستان او راس کے سپہ سالار کیلئے دعا کی اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے جنرل راحیل شریف کی کوششوں کو سراہا۔