لاہور (جیوڈیسک) پنجابی زبان کے مایہ ناز شاعر اور شہرہ آفاق قصہ ہیر رانجھا کے خالق پیر سید وارث شاہ کے عرس کی تقریبات شیخوپورہ میں جاری ہیں۔ قدیم پنجاب کی روایات، انسانی فطرت اور معاشرتی حقیقتوں کو تلاش کرنا ہو تو سید وارث شاہ کی تصنیف ہیر کا مطالعہ کریں۔ اسی عالمی شہرت یافتہ تصنیف کے خالق پیر سید وارث شاہ کا 215 واں عرس شیخوپورہ کے قریب جنڈیالہ شیر خان میں جاری ہے۔
ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد نے ان کے مزار پر حاضری دی۔ عقیدت مندوں نے ٹولیوں کی شکل میں ان کا کلام پڑھا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے۔ عرس کی خاص تقریبات میں آل پاکستان مقابلہ ہیر گائیکی بھی شامل ہے۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باعث رواں برس عرس میں رونقیں پورے عروج پر نہ آ سکیں۔