لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) جشن آزادی کے موقع پر لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدتمیزی کی وائرل ویڈیو نے شوبز سے وابستہ شخصیات کو بھی سیخ پا کر دیا، فن کاروں نے ملزمان کو نشانِ عبرت بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوف ناک واقعہ 14 اگست کی رات پیش آیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست ٹرینڈز اسی واقعے سے متعلق ہیں، سرفہرست ٹرینڈ میں ’مینارِ پاکستان‘ شامل ہے۔ ان ٹرینڈز کا استعمال کرتے ہوئے عوام کی بڑی تعداد غم و غصے کا اظہار کررہی ہے۔ معروف شوبز شخصیات بھی اس واقعے پر مذمت کرتے ہوئے پیغامات شیئر کررہی ہیں۔ نامور اداکار عدنان صدیقی نے مینارِ پاکستان پر نوجوان لڑکی سے دست درازی اور زدوکوب کرنے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کردیا۔
عدنان صدیقی نے کہا کہ ’اب ایسی صورت حال میں کہ جب ہمارے پاس مینارِ پاکستان واقعے کے تمام تر شواہد موجود ہیں تو ملزمان اب تک سلاخوں کے پیچھے کیوں نہیں گئے؟‘ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہم ان پولیس اہل کاروں کو اس بھیانک فعل کے ذمہ داران کو سلاخوں کے پیچھے ڈال کر ایکشن میں نہیں دیکھ سکتے ہیں؟
اداکارہ ماہرہ خان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’میں معافی چاہتی ہوں۔ میں بھول گئی تھی۔ یہ تو لڑکی کی اپنی غلطی ہے، بے چارے 400 آدمی، خود کو روک نہ سکے۔
عائزہ خان نے کہا کہ گھررہیں محفوظ رہیں،جان کو خطرہ ہے، یہ سب کورونا کی وجہ سے سب کہتے آئے ہیں، شرم آتی ہے اور خوف آتا ہے کہ گھر میں رہیں تو محفوظ کیونکہ باہر آپ کی عزت کو خطرہ ہے۔
مہوش حیات نے کہا کہ ایک بارپھر میرے پاس کچھ کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، ہر مہذب معاشرے میں خواتین کی عزت اور مقام ہوتا ہے لیکن یہ سب کچھ ہمارے ہاں نہیں ہے،اب میں پاکستان کی ہر بیٹی کے لیے پریشان ہوں، اللہ ہماری حفاظت کرے۔
نعمان اعجاز نے کہا کہ مینار پاکستان واقعے پر سر شرم سے جھک گیا ہے، مجھے بڑی تکلیف اور دکھ پہنچا ہے، ایسے مسلمان ہوتے ہیں؟، ایسے مرد اور پاکستانی ہوتے ہیں؟، واقعے کے ذمے داروں کو ڈوب مرنا چاہیے، وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ سب کو پکڑ کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔
شہزاد رائے نے کہا کہ یہ لوگ کہاں سے آئے تھے، یہ کن کی اولاد تھی، آج وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔