لاہور (جیوڈیسک) یونان میں کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے آٹھ پاکستانیوں کی میتیں لاہور پہنچا دی گئیں، غیر قانونی طور پر یورپ جانے والوں کی کشتی کو 24 اور 25 اگست کی درمیانی شب حادثہ پیش آیا تھا۔
آنکھوں میں سہانے مستقبل کے خواب دل میں طرح طرح کے ارمان لئے ان بدقسمت افراد کو منزل تو نہ ملی ، موت مل گئی۔غیر قانونی طور پر یونان جانے والوں کی کشتی کو 24 اور 25 اگست کی درمیانی شب یونان کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں کئی پاکستانی بھی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ان میں سے آٹھ افراد فیصل ندیم ، محمد نواز ، محمد عمران ، محمد عمیر ، حسن سعید ، اکبر علی ،عبدالمعروف اور عمران شفیع کی میتیں آج لاہور ائیر پورٹ پہنچا دی گئیں جن کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ حادثے میں 15 افراد کی ہلاکت کنفرم ہو چکی ہے ، باقی کی میتیں پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اوورسیز کمیشن پنجاب کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق گجرات ، منڈی بہاؤالدین اور کھاریاں سے ہے۔